۵۴۔ سورۃ القمر

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور کہا تھا کہ کیا ہم اپنے میں سے ہی ایک آدمی کی (جو ہماری طرف بھیج دیا گیا ہے) اتباع کریں؟ اگر ہم ایسا کریں گے تو بڑی گمراہی اور جلنے والے عذاب میں پڑ جائیں گے۔

کیا خدا کی وحی ہم میں سے (صرف) اس پر نازل کی گئی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ وہ سخت جھوٹا اور متکبر ہے۔

(ہم نے کہا) وہ کل (یعنی آنے والے زمانہ میں) جان لیں گے کہ کون جھوٹا اور متکبر ہے۔

(ہم نے ان سے کہا کہ) ہم ایک اونٹنی ان کی آزمائش کے لئے بھیجنے والے ہیں (پس اے صالح)! ان کے انجام کا انتظار کر اور صبر سے کام لے۔

اور انہیں کہہ دے کہ پانی ان کے اور تیرے درمیان تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ہر گروہ اپنے پینے کے وقت پر حاضر ہوا کرے۔

اس پر انہوں نے اپنے سردار کو بلایا، جس پر وہ آیا اور اونٹنی کی کونچیں کاٹ دیں۔

پھر دیکھو میرا عذاب اور میرا ڈرانا کیسا تھا؟ (یعنی میرا عذاب کیسا سخت تھا اور میرا ڈرانا کیسا سچا تھا)۔

ہم نے ان پر ایک ہی عذاب نازل کیا۔ اور وہ ایک باڑ بنانے والے کے (درختوں سے) گرائے ہوئے چورے کی طرح ہوگئے۔

اور ہم نے قرآن کو عمل کرنے کے لئے آسان بنایا ہے۔ پھر کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟

لوط کی قوم نے بھی نبیوں[1] کو جھٹلا دیا تھا۔

[1] اس جگہ نبیوں کا لفظ ہے جو جمع ہے حالانکہ لوطؑ صرف ایک آدمی تھے۔ اس کے متعلق یاد رکھنا چاہیے کہ یہ قرآن مجید کا ایک محاورہ ہے چونکہ ہر نبی سے وہی سلوک کیا جاتا ہے جو سارے نبیوں سے کیا گیا تھا اور اس کا طریق بھی اپنے مخالفوں سے وہی ہوتا ہے جو پہلے نبیوں کا تھا۔ اس لئے ایک نبی کو جمع کے لفظ سے یاد کیا جاتا ہے۔

ہم نے ان کے تباہ کرنے کے لئے بھی کنکروں سے بھری ہوئی ہوا چلائی (جس نے آل لوط کے سوا سب کو تباہ کر دیا) ہاں صبح کے وقت (جب وہ عذاب آیا تو) ہم نے لوط کے خاندان کو بچا لیا۔

یہ ہماری طرف سے ایک نعمت تھی، جو شکر کرتا ہے ہم اسے اسی طرح جزا دیا کرتے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی