۵۵۔ سورۃ الرحمن
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور اس (زمین) میں دانے بھی ہیں جن پر خول بھی ہوتا ہے اور خوشبودار پھول بھی ہیں۔
سو بتاؤ تو سہی کہ تم دونوں (یعنی جن و انس) اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
انسان کو اس نے بجتی ہوئی خشک مٹی سے پیدا کیا ہے۔
اور جِنّوں کو آگ [1]کے شعلہ سے پیدا کیا ہے۔
[1] دیکھئے نوٹ سورۃ سبا آیت۱۵۔
پس بولو، کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
وہ دونوں مشرقوں کا بھی رب ہے اور دونوں مغربوں[2] کا بھی رب ہے۔
[2] یہ زمین کے گول ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ جس کی وجہ سے دو مشرق اور دو مغرب بن جاتے ہیں۔
اب بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
اس نے دو سمندروں کو اس طرح چلایا ہے کہ وہ ایک وقت میں مل [3]جائیں گے۔
[3] اس میں نہر سویز اور نہر پاناما کی پیشگوئی ہے۔ فرمایا دو سمندر قریب قریب ہیں لیکن ان کے درمیان خشکی ہے۔ ایک دن وہ مِل جائیں گے۔ ان کی علامت یہ ہے کہ ان میں سے موتی اور مونگا نکلتا ہے۔ یہ دونوں چیزیں سویز اور پاناما سے بکثرت نکلتی ہیں۔ اور دونوں نہروں سے بحیرہ قلزم اور روم کو ایک طرف ملا دیا اور دوسری طرف بحر اوقیانوس اور بحر الکاہل کو ملا دیا ہے۔
(سردست) ان کے درمیان ایک پردہ ہے جس کی وجہ سے وہ ایک دوسرے میں داخل نہیں ہو سکتے۔
اب بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
ان دونوں سمندروں میں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں۔
پھر بولو کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔