۵۵۔ سورۃ الرحمن
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور اس کی بنائی ہوئی کشتیاں (بھی ہیں) اور (اس کے بنائے ہوئے) جہاز بھی ہیں جو سمندروں میں پہاڑوں[1] کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔
[1] ان بلند پہاڑوں جیسے جہازوں سے مراد وہ دُخانی جہاز ہیں جو ہمارے زمانہ میں نکلے ہیں۔ یہ ایک پیشگوئی تھی جو پوری ہوگئی۔ آج کل سمندری سفر کرنے والے اس پیشگوئی کی سچائی کے گواہ ہیں۔
سو بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں کس کس کا انکار کرو گے۔
اس (یعنی زمین) پر جو کوئی بھی ہے آخر ہلاک ہونے والا ہے۔
اور صرف وہ بچتا ہے جس کی طرف تیرے جلال اور عزت والے خدا کی توجہ[2] ہو۔
[2] یہاں وَجْہٌ کا لفظ ہے جو مصدر کے معنے میں بھی آتا ہے اور مصدر بمعنے اسم فاعل بھی ہوتا ہے اور اسم مفعول بھی۔ یہاں ہم نے اسے اسم مفعول کے معنے میں استعمال کیا ہے جس کی رو سے آیت کا یہ ترجمہ کیا گیا ہے کہ صرف وہی چیز بچتی ہے جس کی طرف تیرے ربّ کی توجہ ہو۔
اب بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
آسمانوں اور زمین میں جو کوئی بھی ہے، وہ اسی سے اپنی ضرورتیں طلب کرتا ہے۔ وہ ہر وقت ایک نئی حالت[3] میں ہوتا ہے۔
[3] مطلب یہ ہے کہ اس کی صفات اتنی غیر محدود ہیں کہ ہر لحظہ وہ نئی صفات کا ظہور کرتا رہتا ہے اور انسان کی طرح اس کی صفات صرف چند صفات میں محدودنہیں۔
سو بولو کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
اے دونوں زبردست [4]طاقتو! ہم تم دونوں کے لئے فارغ[5] ہو رہے ہیں۔
[4] یعنی روس اور امریکہ کی طاقتوں کا مجموعہ۔
[5] یعنی کچھ دن ڈھیل دے کر دونوں کو تباہ کر دیں گے۔
پھر بولو [6]کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
[6] یعنی تباہی کے وقت پوچھیں گے کہ کیا بے انتہا نعمتیں تم پر نازل نہ ہوئی تھیں اور تم دین سے تمسخر نہ کرتے تھے۔
اے[7] جِنّ و اِنس کے گروہ! اگر تم طاقت رکھتے ہو کہ آسمانوں[8] اور زمین کے کناروں سے نکل بھاگو، تو نکل کر دکھا دو۔ تم دلیل کے بغیر ہرگز نہیں نکل سکتے[9]۔
[7] جنّ امراء اور اِنْس عوام۔ سو آج کل ایک طرف امراء کا گروہ ہے یعنی کیپیٹل ازم اور دوسری طرف پر ولتاریت یعنی عوام کا۔ یا یوں کہو کہ روس کا۔
[8] دونوں پارٹیاں ایسے راکٹ تیار کر رہی ہیں جن سے بلند آسمانی سیاروں تک پہنچ سکیں۔ مگر فرماتا ہے وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے اور زیادہ سے زیادہ ان سیاروں تک پہنچ سکیں گے جو اس زمین سے کھلی آنکھ سے نظر آتے ہیں۔
[9] یعنی آسمانی تعلیم کا مقابلہ تم زور سے نہیں کر سکتے اور اپنی طاقت کے َبل پر اس سے آزادنہیں ہو سکتے صرف ایک ہی ذریعہ ہے کہ دلیل کے ساتھ آسمانی تعلیم کو باطل کرو۔
سو بتاؤ! کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
تم پر آگ [3]کا ایک شعلہ گرایا جائے گا اور تانبا[4] بھی (گرایا جائے گا) پس تم دونوں ہرگز غالب نہیں آسکتے۔
[3] کا سمک ریز کی طرف اشارہ ہے۔
[4] بموں کی طرف اشارہ ہے۔