۵۵۔ سورۃ الرحمن
تفسیر صغیر, حصہ 4
اب بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں کس کس کا انکار کرو گے۔
جب آسمان پھٹ جائے گا اور سرخ چمڑے کی طرح ہو جائے گا (وہ آخری فیصلہ کی گھڑی ہوگی)۔
اب تم بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
اس فیصلہ کے دن نہ انسان سے اس کے گناہ [5]کے متعلق پوچھا جائے گا نہ جن سے۔
[5] یہ نہیں کہ آزاد ہوں گے، بلکہ یہ مراد ہے کہ ان کے گناہوں کی سزا انہیں خود بخود گھیرے گی، پوچھنے کی ضرورت نہ ہوگی۔
اب تم دونوں بتاؤ تو سہی کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
مجرم اپنے چہروں کی علامتوں سے پہچان لئے جائیں گے۔ اور اپنے ماتھے کے بالوں اور قدموں سے پکڑ لئے جائیں گے۔
اب تم بتاؤ کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔
یہ وہ جہنم ہے جس کا مجرم انکار کرتے ہیں۔
(جب اس میں داخل ہونے کا دن آئے گا) وہ اس (دوزخ[1]) کے درمیان اور ابلتے ہوئے پانی کے درمیان گھوم رہے ہوں گے۔
[1] یعنی ان کو دونوں طرف مصیبت ہی مصیبت نظر آئے گی۔ یعنی جنگ کی پُرزور تیاری کریں گے تو اقتصادی مشکلات میں مبتلا ہوں گے اور اگر تیار ی چھوڑیں گے تو جنگ میں دشمن کا شکار ہو جائیں گے۔
اب بولو تو سہی کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے!
اور جو شخص اپنے رب کی شان سے ڈرتا ہے اس کے لئے دو جنتیں مقرر ہیں (دنیوی بھی اور اخروی بھی)
پھر بتاؤ تو سہی کہ تم دونوں اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس کا انکار کرو گے۔