۵۶۔ سورۃ الواقعة
تفسیر صغیر, حصہ 6
ہم نے تمہارے درمیان موت کا سلسلہ جاری کیا ہے اور ہم سے کوئی آگے نہیں نکل سکتا۔[1]
[1] یعنی ہمارے اس قاعدہ کو کوئی منسوخ نہیں کر سکتا۔
اور کوئی شخص اس بارہ میں کہ ہم تم کو بدل کر اور تمہارے جیسی قومیں لے آئیں ہمیں عاجز نہیں کر سکتا اور (نہ اس بات سے عاجز کر سکتا ہے کہ) ہم تم کو کسی ایسی صورت میں پیدا کر دیں[2] کہ جس کو تم نہیں جانتے۔
[2] بیوقوف آریہ کہتے ہیں یہ تناسخ کی تعلیم ہے حالانکہ اس جگہ تو مرنے کے بعد کی زندگی کا ذکر ہے اور تناسخ میں اسی دنیا کی دوسری پیدائش کا ذکر ہوتا ہے یہاں بتایا گیا ہے کہ اب تو تم معزّز ہو مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مخالفت کی وجہ سے تم کو ایک اور حالت ملے گی اور وہ ذلّت کی ہوگی۔
اور تم پہلی پیدائش کو تو جانتے ہی ہو۔ پھر تمہیں کیا ہوا ہے کہ تم نصیحت حاصل نہیں کرتے۔
کیا تم کو معلوم ہے جو تم بوتے ہو۔
کیا تم اس کو اگاتے ہو یا ہم اس کو اگاتے ہیں؟
اگر ہم چاہتے تو اس کو بالکل جلا ہوا چورا بنا دیتے پھر تم باتیں بناتے رہ جاتے۔
اور کہتے کہ ہم پر تو چٹی پڑ گئی ہے۔
بلکہ حق یہ ہے کہ ہم اپنی محنت کے پھل سے بالکل محروم ہو گئے ہیں۔
ذرا اس پانی کو تو دیکھو جس کو تم پیتے ہو۔
کیا تم نے اسے بادل سے اتارا ہے یا ہم اسے اتارتے ہیں؟
اگر ہم چاہتے تو اس کو کڑوا کر دیتے، پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے۔
ذرا اس آگ کا حال تو بتاؤ جو تم جلاتے ہو۔