۶۸۔ سورۃ القلم
تفسیر صغیر, حصہ 4
تمہیں کیا ہو گیا ہے، تم کیسا فیصلہ کرتے ہو۔
کیا تمہارے پاس کوئی (ایسی الٰہی) کتاب ہے جس میں یہ بات پڑھتے ہو۔
کہ تم جو کچھ پسند کرو گے تم کو ملے گا۔
یا کیا تم نے ہم سے کوئی قسمیہ وعدے لئے ہوئے ہیں جو قیامت تک جاری رہیں گے اور یہ کہ جو تم کہہ دو گے وہی تم کو مل جائے گا۔
ان سے ذرا پوچھو تو کہ اس بات کا ان میں سے کون ذمہ دار ہے۔
کیا ان لوگوں کے حق میں خدا کے کوئی مزعومہ شریک ہیں؟ سو اگر وہ سچے ہیں تو ان شریکوں کو پیش کریں۔
جس دن مصیبت کا وقت آجائے گا اور ان کو سجدہ کرنے کے لئے بلایا جائے گا تو وہ سجدہ کی طاقت نہیں رکھیں گے۔
ان کی نظریں (شرم سے) جھکی ہونگی، ذلت ان پر چھا جائے گی۔ اور ایک وہ وقت تھا کہ ان کو سجدوں کے لئے بلایا جاتا تھا اور ان کو کوئی بیماری نہیں تھی (مگر انہوں نے سجدہ سے انکار کیا۔ پھر اب جبکہ شرک کا زنگ دیر تک ان کے دل پر لگا رہا ہے یہ سجدہ کس طرح کر سکتے ہیں)
پس تو مجھ کو اور ان کو جو اس کتاب کو جھٹلاتے ہیں، چھوڑ دے (خود سزا دینے کی فکر نہ کر) ہم ان کو درجہ بدرجہ تباہی کی طرف ان طرفوں سے کھینچ لائیں گے جن کو وہ جانتے بھی نہیں۔
اور میں ان کو ڈھیل دونگا (یعنی تو ان کی تباہی کی دعا نہ کر) میری تدبیر بڑی مضبوط ہے (وہ آخر ان کو تباہ کرکے رکھ دے گی)
کیا تو ان سے کوئی اجر مانگتا ہے اور وہ اس چٹی کی وجہ سے بوجھ میں دبے ہوئے ہیں۔
کیا ان کے پاس غیب کا علم ہے اور وہ اسے لکھتے جاتے ہیں۔