۶۹۔ سورۃ الحاقة
تفسیر صغیر, حصہ 3
(اور ان سے کہا جائے گا) گذشتہ زمانہ میں جو اعمال تم نے کیے تھے، ان کے نتیجہ میں خوب (پھل) کھاؤ اور (چشموں کے) پانی پیئو، کہ ان میں سے ہر ایک چیز تمہیں خوب پچے گی۔
اور جس شخص کے بائیں ہاتھ میں اس کا اعمال نامہ دیا جائے گا۔ وہ کہے گا کاش! مجھے میرا اعمال نامہ نہ دیا جاتا!
اور مجھے پتہ نہ لگتا کہ میرا حساب کیا ہے۔
کاش! میری موت مجھے بالکل ختم کر دیتی۔
میرے مال نے آج مجھے کوئی فائدہ نہیں دیا۔
اور میرا غلبہ جاتا رہا۔
(اس وقت خدا فرشتوں سے کہے گا) اس کو پکڑ لو اور اس کے گلے میں طوق ڈالو۔
اور جہنم میں اس کو جھونک دو۔
پھر ایک زنجیر میں جو لمبائی میں بے انتہا [1]ہے اس کو جکڑ[2] دو۔
[1] قرآن کریم میں ہے، اس کے ستّر حلقے ہیں۔ مگر عربی زبان میں ستّر کا لفظ بے انتہا کے لئے بولا جاتا ہے (لسان العرب) اور وہی ترجمہ ہم نے کیا ہے۔
[2] یعنی اس کی پچھلی بداعمالیاں آئندہ بھی اس کو کفر اور اِباء پر آمادہ کرتی چلی جائیں گی۔ اور یہ ایمان کی طرف لَوٹ نہیں سکے گا۔
یہ وسیع حکومت والے اللہ پر ایمان نہیں لاتا تھا۔
اور مسکینوں کو کھانا کھلانے کی رغبت (لوگوں کو) نہیں دلاتا تھا۔
سو اس دن اس کا کوئی دوست نہیں ہوگا (کیونکہ اپنے ظلموں کی وجہ سے یہ لوگوں کی ہمدردی کھو چکا ہے)