۶۹۔ سورۃ الحاقة
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور اس کو کوئی کھانا نہیں ملے گا سوائے زخموں کے دھوون کے، (یعنی جو ظلم یہ لوگوں پر کر چکا ہے ان کی یاد اسے ستاتی رہے گی)۔
یہ کھانا صرف خطا کار لوگ کھاتے ہیں۔
(پس کسی دھوکہ میں نہ پڑو) ہم شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں اس کو بھی جس کو تم دیکھتے ہو۔
اور جسے تم نہیں دیکھتے (یعنی ظاہری حالت اور باطنی جذبات اس بات پر شاہد ہیں کہ)
یہ (قرآن) ایک عزت والے رسول کا کلام ہے۔
اور کسی شاعر کا کلام نہیں۔ مگر تم بالکل ایمان نہیں لاتے۔
اور نہ یہ کسی پادری پنڈت کی باتیں ہیں مگر تم بالکل نصیحت حاصل نہیں کرتے۔
یہ رب العالمین خدا کی طرف سے اتارا گیا ہے۔
اور اگر یہ شخص ہماری طرف جھوٹا الہام[1] منسوب کر دیتا، خواہ ایک ہی ہوتا۔
[1] بہائی کہتے ہیں، بہاء اللہ اس لئے سچا ہے کہ اسے دعویٰ کے بعد ایک مدّت تک رہنے کا موقعہ ملا۔ مگر یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔ بہاء اللہ نے خدا سے الہام پانے کا کبھی دعویٰ نہیں کیا۔ وہ خود اپنے آپ کو خدا کہتا تھا اور خدائی کا دعویٰ اتنا کمزور ہے کہ اس کی حقیقت کو ہر انسان سمجھ سکتا ہے۔ صرف الہام کے دعویٰ سے دھوکا لگتا ہے اس لئے خدا نے جھوٹے الہام کی تو فوری سزا بتائی مگر خدائی کا دعویٰ کرنے والے کی وہ سزا نہیں بتائی۔ کیونکہ اسے ہر عقل مند انسان خود رد ّ کر سکتا ہے۔
تو ہم یقیناً اس کو دائیں ہاتھ سے پکڑ لیتے۔
اور اس کی رگ جان کاٹ دیتے۔
اور اس صورت میں تم میں سے کوئی نہ ہوتا جو اسے درمیان میں حائل ہو کر (خدا کی پکڑ سے) بچا سکتا۔