۷۴۔ سورۃ المدثر
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور کہا کہ یہ تو ایک جھوٹ ہے جو پہلوں سے نقل کیا گیا ہے۔
یہ ایک انسانی کلام ہے۔
ہم اس (شخص) کو سَقَر [1]میں ڈالیں گے۔
[1] یعنی دوزخ۔
اور تجھے کیا معلوم ہے کہ سَقَر کیا چیز ہے۔
وہ (دوزخ) کچھ باقی نہیں رہنے دیتی اور کوئی عذاب کا طریق چھوڑتی نہیں۔
وہ کھال کو جلا دیتی ہے۔
اس پر اُنیس داروغے مقرر ہیں۔
اور دوزخ کے داروغے ہم نے صرف فرشتوں[2] میں سے مقرر کیے ہیں اور ان کی گنتی صرف کافروں کی آزمائش کے طور پر بتائی ہے اور اس کا یہ نتیجہ نکلے گا کہ اہل کتاب کو یقین آجائے گا اور مومن ایمان میں زیادہ ہو جائیں گے اور نہ اہل کتاب شبہ کریں گے اور نہ مومن۔ نتیجہ یہ ہوگا کہ جن کے دلوں میں بیماری ہے وہ اور دوسرے کافر کہیں گے کہ اس بات کے کہنے سے اللہ کا کیا منشا ہے۔ اسی طرح اللہ اسے گمراہ قرار دیتا ہے جس کے متعلق ارادہ کر لیتا ہے اور جس کے متعلق ارادہ کر لیتا ہے اسے ہدایت دے دیتا ہے اور تیرے رب کے لشکروں کو سوائے اس کے کوئی نہیں جانتا۔ اور یہ (قرآن) انسان کے لئے صرف ایک نصیحت ہے۔
[2] اس کا یہ مطلب ہے کہ دوزخ میں رکھنے کا اصل موجب تو فرشتے ہوں گے کیونکہ اتنے لوگوں کو روکنے کی طاقت فرشتوں کو ہی ہے۔ ہاں کبھی کبھی ملائکہ سے اپنی مشابہت بتا کر انسان بھی ان کا کام کرنے لگ جائیں گے۔
سنو! ہم چاند کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
اور تاریکی کو جب وہ پیٹھ پھیر لیتی ہے۔
اور صبح کو جب وہ روشن ہو جاتی ہے۔
کہ یہ (ساعت جس کا ذکر کیا گیا ہے) بہت بڑی بڑی چیزوں میں سے ایک ہے۔