۷۵۔ سورۃ القيامة
تفسیر صغیر, حصہ 2
مگر اس دن تیرے رب کے پاس ہی ٹھکانا ہوگا۔
اس دن انسان کو خبر دی جائے گی، ان کاموں کی بھی جو اسے نہیں کرنے چاہیں تھے مگر اس نے کر لئے اور ان کاموں کی بھی جو اسے کرنے چاہئیں تھے مگر اس نے نہیں کیے۔
حقیقت یہ ہے کہ انسان اپنے نفس کو خوب دیکھ رہا ہے اور جانتا ہے کہ وہ کتنے پانی میں ہے۔
خواہ وہ زبان سے کتنی ہی صفائی پیش کرے۔
(اے نبی) تو اپنی زبان کو حرکت[1] نہ دے تا کہ یہ قرآن جلدی نازل ہو جائے۔
[1] مطلب یہ ہے کہ اس کے جلدنازل ہونے کے لئے دعا نہ کر کیونکہ یہ تو ایک ازلی تقدیر ہے یہ ہو نہیں سکتا کہ وقت آجائے اور خداتعالیٰ نازل نہ کرے۔
اس کا جمع کرنا بھی ہمارے ذمہ ہے اور اس کا دنیا کے سامنے سنانا بھی (ہمارے ذمہ ہے)
پس جب ہم اسے پڑھ لیا کریں تو ہمارے پڑھنے کے بعد تو بھی پڑھ لیا کر۔
اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کو تیری زبان سے لوگوں کو کھول کر سنا دیں۔
سنو! تم جلدی سے ملنے والی نعمت کو پسند کرتے ہو۔
اور بعد میں آنے والی نعمت کو نظر انداز کر دیتے ہو۔
اس دن بعض لوگ ہشاش بشاس ہوں گے۔
اپنے خدا کی طرف نظر لگائے بیٹھے ہوں گے۔