۷۷۔ سورۃ المرسلات
تفسیر صغیر, حصہ 3
اس دن جھٹلانے والوں پر تباہی آئے گی (اس میں کوئی بھی شبہ نہیں)
کیا ہم نے زمین کو ( زندوں اور مردوں)کو سمیٹنے والا نہیں بنایا؟[2]
[2] یعنی زندہ اس کی سطح پر بستے ہیں اور مُردے یا اس میں گاڑ دیئے جاتے ہیں یا ان کی خاک اس کے دریاؤں میں بہائی جاتی ہے۔
(کیا ہم نے زمین کو) زندوں اور مردوں کو (سمیٹنے والا نہیں بنایا؟)
اور ہم نے اس میں اونچے پہاڑ بنائے ہیں اور (اس کے نتیجہ میں) تمہیں (بکثرت) میٹھا[3] پانی پلایا ہے۔
[3] یعنی زمین میں دینی اور دنیوی بڑی بڑی قابلیتوں کے آدمی پیدا کیے جاتے ہیں اور مادی اور روحانی پانی جو نہایت میٹھا ہوتا ہے ان روحانی اور جسمانی سرداروں کے ذریعہ سے لوگوں کو پلایا جاتا ہے یعنی روحانی لوگ الہام سنا سنا کر ان کی روحانی پیاس کو بجھاتے ہیں اور جسمانی لوگ نہریں اور ٹیوب ویل لگا لگا کر ان تک میٹھا پانی پہنچاتے ہیں۔
اس دن جھٹلانے والوں پر تباہی آئے گی (اس میں کوئی بھی شبہ نہیں)
(ہم ان سے کہیں گے کہ) جس چیز کو تم جھٹلاتے تھے اسی کی طرف جاؤ۔
یعنی اس سائے کی طرف جاؤ، جس کے تین[4] پہلو ہیں۔
[4] یعنی آخری زمانہ میں منکرین اسلام کی پناہ ایسی ہوگی جو پناہ نہیں کہلا سکتی بلکہ تکلیف کا موجب ہوگی۔
نہ تو وہ سایہ دیتا ہے اور نہ تپش سے محفوظ رکھتا ہے۔
بلکہ وہ اتنے اونچے شعلے پھینکتا ہے جو قلعے کے برابر ہوتے ہیں۔
اتنے اونچے کہ گویا وہ بڑے جہازوں کے باندھنے والے زرد رسے معلوم ہوتے ہیں۔
اس دن جھٹلانے والوں پر تباہی آئے گی (اس میں کوئی بھی شبہ نہیں)
یہ ایسا دن ہوگا (جس دن مجرم اپنی مرضی سے) بول نہیں سکیں گے۔