۷۸۔ سورۃ النبإ
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور ہم نے تمہارے اوپر سات (بلند اور) مضبوط (آسمان) بنائے ہیں۔
اور ہم نے ایک چمکتا ہوا سورج (بھی) بنایا ہے۔
اور ہم نے گھنے بادلوں سے کثرت سے بہنے والا پانی (بھی) اتارا ہے۔
تا کہ اس کے ذریعہ سے ہم دانے اور سبزیاں نکالیں۔
اور گھنے باغ (اگائیں)
یقیناً یہ فیصلے کا دن ایک مقرر وقت (پر آنے والا) ہے۔
جس دن کہ صور میں پھونکا جائے گا۔ پھر تم گروہ در گروہ ہو کر (ہمارے حضور میں) آؤ گے۔
اور آسمان کھول دیا جائے گا، یہاں تک کہ وہ دروازے[1] (دروازے) ہو جائے گا۔
[1] یعنی آسمان سے کثرت سے نشان ظاہر ہوں گے گویا آسمان میں دروازے لگ گئے ہیں۔ مومنوں کے لئے بکثرت رحمت نازل ہوگی اور کافروں کے لئے بکثرت عذاب ظاہر ہوگا۔
اور پہاڑ (اپنی جگہ سے) چلائے[2] جائیں گے، یہاں تک کہ وہ سراب[3] (کی مانند) ہو جائیں گے۔
[2] یعنی کفار کی حکومتیں اور تنظیمیں توڑ دی جائیں گی۔
[3] یعنی آخری زمانہ میں دور دور سے لوگ بادشاہوں کا ذکر پڑھیں گے مگر جب قریب جائیں گے تو بادشاہت ایک سراب معلوم ہوگی یعنی کھل جائے گا کہ بادشاہ صرف نام کے ہیں ورنہ عوام ان پر بھی حکومت کر رہے ہیں اور قانون نے ان کو پابند کر رکھا ہے اور اگر اس آیت کو دینی انتظام کے متعلق سمجھا جائے تو اس کے معنے یہ ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ تو روحانی علماء کو پہاڑ بنائے گا لیکن جب کبھی بھی عوام دین کی ترقی کے لئے کوئی کوشش کریں گے علمائِ ُسوء ان کے رستہ میں آجائیں گے اور ان کی تدبیروں کو ناکام کر دیں گے اور مومن لوگ حیران ہو جائیں گے کہ ہم تو سمجھتے تھے کہ ان کے آنے سے دین ترقی کر جائے گا مگر دین تو پھر بھی کمزور ہی رہا۔ اسی کی طرف اس آیت میں اشارہ کیا گیا ہے کہ وَ مَآ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِکَ مِنْ رَّسُوْلٍ وَّ لَانَبِیٍّ اِلَّا اِذَا تَمَنّٰی اَلْقَی الشَّیْطَانُ فِیْ اُمْنِیَّتِہٖ (الحج: ۵۳)
یقیناً جہنم (ان لوگوں کی) گھات میں (لگی ہوئی) ہے۔
(اور) وہ سرکشوں [1]کے لئے ٹھہرنے کی جگہ ہے۔
[1] یعنی ایک دن جہنم اُن کو پکڑ کر اپنے اندر داخل کرلے گی۔
وہ اس میں برسوں رہتے چلے جائیں گے۔