۸۰۔ سورۃ عبس
تفسیر صغیر, حصہ 3
پس چاہیے کہ انسان اپنے کھانے کی طرف دیکھے۔
(اوردیکھے کہ) ہم نے بادلوں سے پانی کو خوب برسایا ہے۔
پھر زمین کو خوب پھاڑا [4]ہے۔
[4] یعنی دانہ اگانے کے قابل بنایا ہے۔
چنانچہ اس پھاڑنے کے نتیجہ میں ہم نے اس میں قسم قسم کے دانے اگائے ہیں۔
اسی طرح انگور اور سبزیاں۔
نیز زیتون اور کھجوریں۔
اور اس کے ساتھ ہی گھنے باغات[5] بھی۔
[5] پہلے الگ الگ قسم کے پھل گِنے تھے، پھر بتایا کہ انسانی دستکاری کا کمال الگ الگ درختوں سے نہیں کھلتا بلکہ باغات سے کھلتا ہے۔ سو ہم نے باغات بنانے کی عقل بھی انسان کو بخشی اور چونکہ وہ عقل ہم نے بخشی ہے اس لئے باغات کا بنانا ہماری طرف منسوب ہے۔
اور میوے بھی اور خشک گھاس (اور جھاڑیاں[6] بھی[7])
[6] یہاں اَبّ کا لفظ ہے جس کے معنے لُغت میں ان تمام خود رو بوٹیوں کے ہوتے ہیں جن کو انسان نہیں کھاتا (فتح البیان) اسی لئے ہم نے اس کا ترجمہ ’’خشک گھاس اور جھاڑیاں‘‘ کر دیا ہے۔
[7] یہ سارے الفاظ چونکہ حَدَائِقَ غُلْبًا کے ماتحت ہیں اس لئے فَاکِھَۃً کے معنے ہوں گے قسم قسم کے پھل، جو باغ کا ہی حصہ ہوتے ہیں اور اَبًّا کے معنے ہوں گے قسم قسم کی خود رو جھاڑیاں، اور یہ بھی حَدَائِقَ غُلْـبًا کے تابع ہے کیونکہ بعض جنگلی پودے ایسے ہوتے ہیں کہ جن کو بڑے بڑے خوشنما پھول لگتے ہیں اور اُن سے بڑی اعلیٰ درجہ کی خوشبو آتی ہے جیسے ہائیمو سائیمس کا پودا ہے کہ اس پر ہزاروں ہزار پھول لگے ہوئے ہوتے ہیں اور وہ بڑی خوشبو دیتے ہیں۔ خوشبو دار ویزلین جو بازاروں میں بکتی ہے اس میں اسی کی خوشبو ملائی جاتی ہے۔
(یہ سب) تمہارے اور تمہارے جانوروں کے فائدہ کے لئے (پیدا کیا گیا ہے[1])
[1] یعنی انسانی لگائے ہوئے درختوں کے پھل یا خودرو پودوں کے پھل یا ان پر لگنے والے پھولوں کو تو انسان استعمال کرتا ہے لیکن ان کے پتے اور گرے ہوئے پھل جانور بھی کھاتے ہیں۔ پس یہ سب کچھ انسانوں اور جانوروں ں کے فائدہ کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔
پھر (یہ بھی تو سوچو کہ) جب کان پھاڑنے والی (مصیبت) آئے گی۔
جس دن کہ انسان اپنے بھائی سے (دور) بھاگے گا۔
اور (اسی طرح) اپنی ماں اور اپنے باپ سے۔