صحیح بخاری 4774: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، (کہا:) منصور اور اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ کوئی شخص کندہ قبیلے میں باتیں کر رہا تھا، وہ کہنے لگا: قیامت کے روز دُھواں آئے گا اَور وہ منافقوں کی شنوائی اور بینائی بے کار کر دے گا اور اس سے مومن کو بھی زکام ہو جائے گا۔ ہم یہ سن کر گھبرا گئے اور میں حضرت ابن مسعودؓ کے پاس آیا اور وہ تکیہ لگائے ہوئے تھے یہ سن کر انہیں غصہ آیا اور بیٹھ گئے اور کہنے لگے۔ جس کو علم ہو، چاہیئے کہ وہ بیان کرے اور جسے علم نہ ہو کہنا چاہیے کہ اللہ بہتر جانتا ہے اور یہ بھی علم کی علامت ہے کہ جو بات نہیں جانتا اس کی نسبت کہے کہ میں نہیں جانتا کیونکہ اللہ نے اپنے نبی (ﷺ) سے فرمایا ہے: کہہ کہ میں اس پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا اور میں بناوٹ کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ اور ہوا یہ تھا کہ قریش نے اسلام قبول کرنے میں دیر کی تو نبی ﷺ نے ان کے خلاف دعا کی۔ عرض کیا: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے میری مدد ایسے سات سالوں سے فرما جو یوسف کے سات سالوں جیسے ہوں۔ چنانچہ قحط نے انہیں ایسا پکڑا کہ وہ اس میں ہلاک ہوئے اور اُنہوں نے اس میں مردار اور ہڈیاں کھائیں اور آسمان اور زمین کے درمیان کی فضا آدمی کو دھوئیں کی طرح دکھائی دیتی تھی۔ تب ابوسفیان آپؐ کے پاس آیا اور اس نے کہا: محمدؐ! آپؐ آئے تھے صلہ رحمی کا ہمیں حکم دینے اور حالت یہ ہے کہ آپؐ کی قوم ہلاک ہوگئی ہے۔ پس اللہ سے دعا کریں۔ تو آپؐ نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ يَوْمَ… یعنی اس روز کا انتظار کر جب آسمان ایک کھلا کھلا دُھواں لائے گا… ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لیے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔ تو کیا آخرت کا عذاب جب آئے گا تو اُن سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس کے بعد قریش پھر اسی طرح انکار کرنے لگے اور یہی وہ (انکار) ہے جس کی نسبت اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: يَوْمَ نَبْطِشُ الْبَطْشَةَ الْكُبْرٰى یعنی جس روز ہم بہت بڑی گرفت میں پکڑیں گے۔ اس سے مراد غزوہ بدر ہے اور لِزَامًا سے بھی یہی غزوہ بدر مراد ہے۔ الٓـمّٓ۰۰غُلِبَتِ الرُّوْمُ۰۰ اور یہ روم کا واقعہ بھی گزر چکا ہے۔
باب 2: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}